22 اکتوبر 2026 - 11:50
السیسی: مصر کی فوجی کوششیں سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہیں، یمن پر حملے کے لیے نہیں

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے زور دیا ہے کہ مصر کی فوجی کوششوں کا مقصد سعودی عرب کی سرزمین کا دفاع ہے نہ کہ یمن پر حملہ کرنا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ مصر کی فوجی کوششیں سعودی عرب کی سرزمین کے دفاع کے لیے مختص ہیں اور ان میں یمن پر حملہ کرنا شامل نہیں ہے۔

اسکائی نیوز کے مطابق، السیسی نے مصر فورم 2026 کی سرگرمیوں کے تیسرے روز وطن اور شہریوں کا تحفظ  کے عنوان سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کے دوران کہا کہ عرب ممالک کی قومی سلامتی ایک دوسرے سے جدا نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے زور دیا کہ خلیجی ممالک کا استحکام مصر کے لیے قومی سلامتی کے نقطۂ نظر سے اہمیت رکھتا ہے۔مصر کے صدر نے مزید کہا کہ ان ممالک کی حمایت مشترکہ عرب قومی سلامتی کے تصور کا حصہ ہے۔

السیسی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ مصر کی فوجی کوششیں سعودی عرب کی سرزمین کے دفاع تک محدود ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس کا مقصد سعودی عرب کی سرزمین اور سرحدوں کا دفاع کرنا ہے، نیز کسی بھی دوسرے عرب ملک کی سرزمین کا دفاع کرنا بھی ہے، بشرطیکہ وہ ملک اس سلسلے میں مصر سے مدد طلب کرے۔

السیسی نے کہا کہ مصر کی فوجی کارروائیاں اپنی سرحدوں سے باہر یا ان برادر عرب ممالک کی سرحدوں سے آگے نہیں بڑھیں گی، جن کی سلامتی اور استحکام مصر کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے سوڈان، لیبیا اور صومالیہ سمیت عرب ممالک میں استحکام بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha